بلوچستان میں سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں، آئی جی پولیس
- October 28, 2025, 10:11 am
- National News
- 169 Views
انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ صوبے میں سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں صوبے میں مثالی امن کے قیام کے لئے پولیس تما م وسائل بروئے کار لارہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشکی دورے کے موقع پر پولیس دربار میں افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پولیس دربار میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور جوانوں کے مسائل سنے اور ان کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرا ئی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس رخشان رینج ایاز احمد بلوچ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس لائن اور پولیس تھانے کا معائنہ کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا کر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں کیونکہ پولیس کا محکمہ ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے بنا ہے چناچہ یہ ذمہ داری ہم آخری دم تک نبھاتے رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہہمارے افسران اور جوانوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے شہادت کا رتبہ پایا ہے۔ شہداءہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور ہم شہداءکے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ان کے مشن کو مکمل کریں گے انہوں نے کہا کہ شہداءکے لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں پوری فورس ان کے ساتھ ہے ہم شہداءکے اہل خانہ کی فلاح بہبود کے لئے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔











