بلوچستان ہائی کورٹ کا صوبے میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، غیر منصفانہ بلنگ اور گیس کی ناکافی فراہمی پر شدید برہمی، سوئی سدرن کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم
- November 6, 2025, 11:03 am
- National News
- 156 Views
بلوچستان ہائی کورٹ کا SSGCL پر برہمی، توہینِ عدالت کا نوٹس جاری
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے میں گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، غیر منصفانہ بلنگ اور ناکافی فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGCL) کے اعلیٰ حکام کو توہینِ عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ احکامات سید نذیر احمد آغا بنام فیڈریشن آف پاکستان کیس کی سماعت کے دوران دیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ SSGCL کی بارہا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی آئین کے آرٹیکل 25 اور 158 کی صریح خلاف ورزی ہے۔
عدالت کے مطابق کمپنی کی پیش کردہ رپورٹ غیر تسلی بخش اور حقائق کے منافی تھی۔ کوئٹہ میں روزانہ 13 گھنٹے سے زائد گیس بندش پر عدالت نے شدید تشویش ظاہر کی۔ ایک معذور صارف کی جانب سے 5 لاکھ روپے کے غیر معمولی بل کی پیشی پر عدالت نے اوگرا اور SSGCL کو متاثرہ صارفین کو فوری ریلیف دینے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ بلوچستان میں گیس فراہمی سے متعلق وفاقی حکومت کی غفلت اور 30 ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس کی بندش ناقابلِ قبول ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی گئی کہ وہ معاملہ ECC اور CCI میں دوبارہ اٹھائیں۔
چیئرمین اوگرا سے وضاحت طلب کی گئی کہ بلوچستان کو کم گیس کیوں فراہم کی جا رہی ہے اور گیس کی اوسط قیمت (WACOG) کے تعین میں آئینی تقاضوں کو کیوں نظرانداز کیا گیا۔
عدالت نے SSGCL کو صوبے کے تمام اضلاع میں گیس پریشر، لوڈشیڈنگ شیڈول اور غیرقانونی کنکشنز سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 نومبر 2025 تک ملتوی کر دی











