تعلیمی میدان میں خلا پر کرنے کیلئے حکومت سکالر شپ کا اعلان کرے،جمعیت طلبہ

  • October 20, 2016, 8:53 pm
  • National News
  • 156 Views

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)اسلامی جمعیت طلبہ بلوچستان کے ناظم محمدعثمان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ واقعات سے تعلیمی میدان میں پیدا ہونےوالا خلاء کو پر کرنے کیلئے حکومت خصوصی سکالر شپ کا اعلان کرے انہوںنے کہاکہ سانحہ کوئٹہ میں بلوچستان کے قابل اورذہین وکلاء کی شہادت سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے حکومت نے شہداء کے خاندانوں کی دلجوئی کیلئے اعلانات تو کئے لیکن یہ ذہین اور قابل وکلاء پورے قوم کے محسن تھے ان کی کمی نہ صرف ان کے خاندانوں میں بلکہ پوری قوم میں محسوس کی جارہی ہے کیونکہ ایسے تعلیم یافتہ ذہین اور ہنر مند افراد اقوام کے زیور ہوتے ہیںا نہوںنے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ کیلئے جلدازجلد خصوصی سکالر شپ یہ بار ایٹ لاء اور بیرسٹر کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے بیرونی ممالک بھیجنے کا اعلان کرے تاکہ اس واقعہ سے پیدا ہونےوالا خلاء کو پر کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوسکے انہوںنے کہاکہ سی پیک کے معاملے میں جہاں وفاقی حکومت کی دغا بازی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے وہاں صوبائی حکومت کی نااہلی بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے انہوںنے کہاکہ اگر سی پیک میں مغربی روٹ شامل ہے تو اس پر کام کیوں نہیں ہورہا اس کیلئے افراد کیوں تیار نہیں کئے جارہے اگر پنجاب میں400افراد کو خصوصی سکالر شپ پر چینی زبان سیکھنے اور سی پیک میں کام کرنے کی قابلیت حاصل کرنے کیلئے چائنا بھیج سکتی ہے تو بلوچستان حکومت ایسا کیوں نہیں کرتی اگر چہ ان کا دعویٰ ہے کہ سی پیک بلوچستان کیلئے ہے لیکن اب تک تو نہ بلوچستان میں اس پر کام شروع ہوا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے افراد تیار ہورہے ہیں۔