کوئٹہ میں ٹریفک جام کے مسائل برقرار،شہریوں کو ذہنی اذیت کا سامنا

  • October 23, 2016, 10:55 pm
  • National News
  • 85 Views

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک جام کا مسئلہ برقرار ‘ وسطی علاقوں میں گھنٹوں گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے وسطی علاقوں پرنس روڈ‘ پٹیل روڈ ‘ عبدالستار روڈ ‘ مسجد روڈ ‘ فاطمہ جناح روڈ ‘ لیاقت بازار ‘ باچا خان چوک ‘کاسی روڈ ‘ میکانگی روڈ ‘مشن روڈ ‘شارع اقبال ‘ عدالت روڈ ‘سرکی روڈ گوالمنڈی چوک ‘جان محمد روڈ‘آرٹ سکول روڈ ‘علمدار روڈ و ملحقہ گلیوں میں مختلف اوقات بلخصوص دوپہر اور شام کو ٹریفک جام ہو جاتی ہے تعلیمی اداروں اورسرکاری دفاتر سے آنے والوں کو کافی دیر انتظار اور شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے سکولوں کے بچے چھٹی کے بعد چار سے پانچ بجے تک گھر پہنچتے ہیں اس کے علاوہ شام کو ٹریفک کا مسئلہ انتہائی گمبھیر ہو جاتا ہے اور مذکورہ سڑکوں سے پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے ٹریفک جام کی بڑی وجہ تجاوزات اور غلط اور ڈبل پارکنگ ہے پٹیل روڈ اور آرٹ سکول روڈ پر واقع نجی ہسپتالوں میں پارکنگ کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیاں اطراف میں پارک کر دی جاتی ہیں جس سے ہر وقت ٹریفک جام رہتی ہے شہریوں نے بتایا کہ مختلف شاہراہوں پر تعمیراتی میٹریل سڑکوں کے اطراف پھینک دیا جاتا ہے جنہیں ٹھکانے لگانے کا بندوبست نہیں کیا جاتا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہےایک روڈ بند ہونے کی صورت میں ملحقہ علاقوں میں ٹریفک بری طرح جام ہو جاتی ہے علمدار روڈ طوغی روڈ اور باچا خان چوک پر دوپہر اور شام کے وقت فروٹ اور سبزی کی ریڑھیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں جس سے یہ شاہراہیں سبزی منڈی کا منظر پیش کر رہی ہےفاطمہ جناح روڈ یٹ روڈ اور عدالت روڈو اطراف کی گلیوں میں جا بجا شورومز قائم ہیں جہاں سڑک کے آدھے سے زائد حصے پر گاڑیاں پارک کر دی جاتی ہیں اور وہیں خرید و فروخت ہوتی ہے ۔علاوہ ازیں نواحی علاقوں ڈبل روڈ بروری روڈ سریاب روڈ پر بھی ٹریفک مسائل برقرار ہیں شہری ساجد علی جدون نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی خاتون ڈی ایس پی کی کاوشوں سے ان علاقوں میں کافی حد تک ٹریفک میں بہتری اور تجاوزات کا خاتمہ ہوا تھا لیکن اُن کے تبادلے کے بعد ٹریفک مسائل گمبھیر ہو گئے ہیں جس سے شہریوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں کا ایندھن کافی ضائع ہو جاتا ہے جس سے آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے شہریوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ شہر کے گمبھیر ہوتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے پائیدار منصوبہ بندی کی جائے۔