دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع شب برأت کا اہتمام

  • May 1, 2018, 12:03 am
  • National News
  • 81 Views

کوئٹہ( آن لائن)دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع شب برأت کا اہتمام ملک بھرکے مراکز سمیت مختلف مقامات پرکیا گیا جس میں عاشقان رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،اجتماعات میں نوافل کی ادائیگی کیساتھ ذکرواذکاراہتمام کیا گیا اور اللہ عزوجل کے حضور دین اسلام کی سربلندی ،ایمان کی سلامتی،ملک میں امن وامان ، ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔شب برأت کا مرکزی اجتماع فیضان مدینہ نورانی مسجدکوئٹہ، حب چوکی، اوتھل، بیلہ، ویندر،ڈیرہ اللہ یار، ڈیرہ مراد جمالی ،سبی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انعقاد کیا گیا۔اجتماع میں بعد نماز مغرب اسلامی بھائیوں نے روزی میں برکت ،عمر میں درازی اور محتاجی سے محفوظ رہنے کیلئے نوافل ادا کئے۔اس دوران شرکاء اجتماع کو نوافل کی ادائیگی سے متعلق معلومات فراہم کی گئی جبکہ بعد نماز عشاء تلاوت قرآن پاک ونعت رسول مقبول ﷺسے باقاعدہ اجتماع کا آغاز ہوا۔اس موقع پر مبلغ دعوت اسلامی و نگران کابینہ نے شب برأت کی فضلیت کے موضوع پرسنتوں بھرا بیان کیاجبکہ امیر اہلسنت بانی دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کئی مقامات پر ویڈیو لنک کے ذریعے مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دئیے ۔اس اجتماع کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی،دعا کے بعد سحری کا اہتمام کیا گیا ۔نماز فجر کے بعد اجتماع ذکر ونعت بسلسلہ شب برأت اختتام پذیر ہوا ۔