تنخواہوں سے تعطیلات کے دوران کنوینس الاؤنس کی کٹوتی ختم کرنے اوریونیورسٹی طرز پر کالج پروفیسرز کی پروموشن کا اعلان

  • May 2, 2018, 8:42 pm
  • National News
  • 440 Views

کوئٹہ ( پ ر) بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالج اساتذہ کو ہائیرایجوکیشن الاؤنس ، ریسرچ فنڈ و دیگر سہولیات دستیاب ہونے سے وہ صوبے میں ثانوی اوراعلیٰ و معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے اپنا کردار زیادہ بہتر طریقے سے ادا کرپائیں گے۔ بی پی ایل اے کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بی پی ایل اے کی تقریب حلف برداری کے موقع پر پچاس لاکھ روپے کے بی پی ایل اے ریسرچ فنڈکے قیام ، کالج اساتذہ کو ماہانہ پندرہ ہزار ہائیر ایجوکیشن الاؤنس دینے ، ان کی تنخواہوں سے تعطیلات کے دوران کنوینس الاؤنس کی کٹوتی ختم کرنے اوریونیورسٹی طرز پر کالج پروفیسرز کی پروموشن کا اعلان کرکے کالج اساتذہ کے دل جیت لئے ہیں جس پر بی پی ایل اے ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتی ہے اور اس امید کااظہار کرتی ہے کہ آئندہ بھی ان اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ کالج اساتذہ زیادہ خوشدلی اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کی بجا آوری کو یقینی بناسکیں ۔دریں اثناء گزشتہ روز منعقدہ تقریب حلف برداری کے موقع پربلوچستان اسمبلی میں جمعیت العلماء اسلام کے پارلیمانی رہنماء مولانا عبدالواسع کی جانب سے کیا گیا اعلان بھی انتہائی خوش آئند ہے جس پر بی پی ایل اے مولانا عبدالواسع کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کااظہار کرتی ہے کہ مولانا عبدالواسع مستقبل میں بھی ثانوی واعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ اپنے طورپر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ نہ صرف پروفیسرز برادری کو درپیش مسائل حل ہوسکیں بلکہ تعلیمی شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے ۔