سہ ملکی سیریز: آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں 45 رنز سے شکست

  • July 5, 2018, 8:23 pm
  • Sports News
  • 335 Views

پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کا درمیان سہ ملکی ٹی20 ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی ہے۔

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز ٹیم، گرین شرٹس کے 194رنز کے ہدف کے جواب میں 7 وکٹوں پر 149 رنز بناسکی، ٹیم کی جانب سے ایلکس کیری 37 اور ڈی آرکے شارٹ 28رنز اسکور کرکے نمایاں رہے تاہم گزشتہ 2 میچوں میں دھواں دھار اننگز کھیلنے والے کینگروز کپتان ایرون فنچ آج ناکام ہوئے اور صرف 16رنز بنا کر چلتے بنے۔



قومی بولرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب رہے انہوں نے 37رن کے عوض 3 شکار کیے جبکہ محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

قبل ازیں کینگروز کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فخر زمان نے 42گیندوں پر 3چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے جارحانہ73رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نوجوان بیٹسمین آصف علی37 ، حسین طلعت30 اور شعیب ملک نے 27رنز اسکور کرتے ہوئے قومی ٹیم کو کینگروز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 194رنز بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔