احتساب عدالت کا فیصلہ درحقیقت اللہ کی پکڑ کا آغاز ہے،نواز شریف فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے خود ساختہ جلاوطنی ختم کریں اور پاکستان واپس آئیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

  • July 6, 2018, 10:36 pm
  • National News
  • 28 Views

کوئٹہ (پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال ، مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال کی سزا کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ درحقیقت اللہ کی پکڑ کا آغاز ہے ۔نواز شریف فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے خود ساختہ جلاوطنی ختم کریں اور پاکستان واپس آئیں۔نوازشریف عدالتوں کا سامنا کریں اور اپنے گناہوں کی اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔عدالت دیگر لٹیروں کو بھی سزادیں تاکہ انصاف کابول بالا ہو۔سراج الحق نے کرپشن کے خلاف جو تحریک شروع کی ہے اس کے زدمیں تمام لٹیرے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا جانا چاہے ۔ملک کسی بھی قسم کی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔عدالتوں پر اعتما د کرنا ملکی عظمت کا راستہ ہوتا ہے ۔ پاکستان میں احتساب کا آغاز ہو چکا ہے یہ احتساب سب کا بلاتفریق ہونا پوری قوم کامطالبہ ہے صرف نوازشریف لٹیرانہیں اس حمام میں بہت سے اور بھی ننگے ہیں اگر ان کو بچانے کی کوشش کی گئی تویہ ملک وقوم کیساتھ ٹھیک نہیں ہوگا پوری قوم ایون فیلڈ کیس فیصلے کو سراہتی ہے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے کا محاسبہ ہوا ہے یہ سلسلہ یہاں پر ہی ختم نہیں ہو جانا چاہے پانامہ کے 434دیگر لٹیروں سمیت قومی دولت لوٹ کربیرون ملک منتقل ہونے والوں کو بھی احتساب عدالت کے ذریعے سزادینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں احتساب کا نظام مربوط اور کرپٹ افراد کے دلوں میں محاسبے کے خوف کے ساتھ ساتھ قانون کی بالادستی کا احترام پیدا ہو گا ۔جماعت اسلامی پانامہ لیکس سمیت دبئی لیکس ،پیراڈائز لیکس اور دیگر میگا کرپشن اسکنڈلز میں بے نقاب ہونے والے افرادکے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں بڑی دور تک سنائی دیتی ہیں ۔جو بھی پروجیکٹس اٹھا کر دیکھ لیں ہمیں کرپٹ افراد اور کمیشن مافیا کی کارستانیاں نظر آتی ہیں۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے ۔جب تک کرپٹ افراد اور کرپشن کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کر لیا جاتا تب تک ملک وقوم اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکتے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قومی خرانے کو لوٹنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے ۔