عوام کے حق حکمرانی سے انکا رملک کو درپیش بحرانوں کی اصل وجہ ہے ، پشتونخوامیپ

  • July 8, 2018, 10:58 pm
  • National News
  • 73 Views

خانوزئی( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملکی استحکام اور کروڑوں عوام کی پر امن ترقی وخوشحالی پر مبنی زندگی گزارنے کا ہدف صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات ، جمہوریت ،اس کے استحکام ، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی اور قوموں کی برابری اور سماجی انصاف پر مبنی نظام سے مشروط ہے اس کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں اور جعلی قیادت اور سازشیں ملک کو مزید بحرانوں سے دوچار کردیگی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری صوبائی صدر سنیٹر محمد عثمان کاکڑ ، این اے 262ضلع پشین سے امیدوار محمد عیسیٰ روشان ، ڈاکٹر جمیل خان پانیزئی ، حاجی صورت خان کاکڑ ، پی بی18سے امیدوار حاجی محمد حسن کاکڑ ،ڈاکٹر صلاح الدین ، عبید اللہ خان پانیزئی نے خانوزئی میں پارٹی کے نئے مستقل دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی دفاتر صرف پارٹی امور چلانے کیلئے مخصوص نہیں ہوتے بلکہ ہمارے پارٹی کے دفاتر عوامی خدمت کے مرکز ہوتے ہیں ۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے ہر قسم کے حالات میں اپنے دفاتر کو فعال رکھ کر عوام کی خدمت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے تمام بحرانوں کی وجہ عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرنے سے انکار اور وہ سازشیں ہے جو عوام کے ووٹ سے منتخب پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلیوں اور ملکی آئین کے ہوتے ہوے اُس کے اختیارات اور حیثیت اور افادیت واہمیت کو تسلیم نہیں کیاجاتا ۔ ہمارے ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسیاں ، محکوم قوموں اور مظلوم عوام کے مفادمیں نہیں بنائی جاتیں اور نہ اس میں تمام قوموں کی مشاورت اور شرکت شامل ہے۔ بلکہ ملکی غیر حقیقی خارجہ پالیسی نے ملک کو یک وتنہا کردیا ہے اور اس کی داخلہ پالیسی تمام عوام بالخصوص پشتون قوم کے خلاف ہے ۔ اور اس پشتون دشمن داخلہ پالیسی کے باعث تمام پشتون قوم کو ملک کے ہر صوبے اور علاقے میں اذیت ناک مشکلا ت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر پشتون عوام کا بدترین استحصال کیا جارہا ہے اور پشتونخواوطن کی ترقی وخوشحالی کیلئے کوئی اہم منصوبہ تک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ قومی صوبے میں قومی برابری لازمی ہے اور اس سے مزید انکار درحقیقت عقل سلیم سے کام لینے کی بجائے صوبے کے تمام غریب عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے ۔ لہٰذا برسرزمین حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اس دوقومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں دونوں اقوام کی قومی برابری کو عملاً تسلیم کرتے ہوئے اپنے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے موثر آواز بلند کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے غیور عوام کو اس حقیقت کا ادراک حاصل ہے کہ پشتونخوامیپ نے پچھلی صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ہر علاقے میں ترقی کی نئی بنیادیں رکھی دی ہے اور اب بھی ہمارے غیور عوام پشتونخوامیپ کے امیدواروں کو کامیاب کرکے حقیقی سیاسی جمہوری اور اپنے وطن اور اپنے عوام کے سرومال کے تحفظ ،قومی وحدت ،قومی تشخص ،قومی واک واختیار اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے تاریخ ساز جدوجہد کو مزید تیز کرینگے۔