دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، نگران وزیرداخلہ

  • July 11, 2018, 9:24 pm
  • National News
  • 73 Views

خضدار(نامہ نگار)نگران صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان آغا عمر بنگلزئی نے کہاہے کہ پولنگ اور جاری الیکشن مہم میں امن وامان بر قرا رکھنے اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقع کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت نے تمام تر انتظامات مکمل کررکھے تھے ۔سیکیورٹی ادارے امن وامان برقرار رکھنے اور الیکشن کے رو ز انتخابی عملے اور امیدواروں کے انتخابی عمل میں شریک تمام منتظمین و عوام کے تحفظ کے لئے حکمت عملی وضع کردی گئی ہے جس پر سختی سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں ۔ اس ضمن میں وہ خود ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں جا کر انتظامی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ڈویژنل ہیڈکوارٹر خضدار میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر سعید جمالی ، ڈی آئی جی خضدار رینج عبداللہ جان ڈپٹی کمشنر خضدار محمد الیاس کبزئی ، ایس ایس پی خضدار لعل محمد بلوچ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد مراد مینگل ،ایس ای بی اینڈ آر ذوالفقار کھوسہ و دیگر محکموں کے سربراہان شریک تھے ۔وزیرداخلہ آغا عمر بنگلزئی نے تمام انتظامی و پولیس اور لیویز آفیسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ الیکشن پُرامن انداز میں منعقد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے خصوصاً انتخابات سے قبل انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اس دوران عوام کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اس جمہوری عمل میں شریک ہوسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ صاف و شفاف اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری ہمیں سونپی گئی ہے ،جسے پورا کرنے کے لئے حکومت امن وامان کے حوالے سے پالیسی تیار کرکے اس پر کام شروع کردیا ہے۔