راؤانوار کی رہائی پشتونوں کے زخم پر نمک پاشی ہے ، پشتونخوامیپ

  • July 11, 2018, 10:53 pm
  • National News
  • 142 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں قاتل راؤ انوار کی ضمانت پر رہائی تمام پشتونوں کے زخم پر نمک ڈالنے اور اسے انصاف کا قتل قرار دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مشہور زمانہ قاتل راؤا نوار نے ماورائے آئین سینکڑوں معصوموں کا بہیمانہ قتل عام کیا ان کی زندگیوں کے بدولت بھاری رقوم وصول کےئے ، غریب پشتونوں کی ٹارگٹ کلنگ اُن کا معمول عام تھااسی میں شہید نقیب اللہ محسود اور ان کے ساتھیوں کا جس طرح غیر انسانی طرز پر بہیمانہ اور بے گناہ قتل عام کیا اور پھر ملک کے آئین وقانون کو پاؤ تلے روندھتے ہوئے سرعام بغاوت کی اس کی نظیر ملنا مشکل ہے ۔جس کے رد عمل کے طور پر تمام پشتون خصوصاً اور مظلوم عوام عموماً اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی بھرپور اور طویل احتجاجی مہم چلی جس کے بعد مجبوراً بالادست طبقات کو راؤانوار کو قانون کے کٹہرے میں دینا پڑا ۔ راؤ انوار پر واضح ثبوتوں کے ساتھ درجنوں بے گناہوں کا قتل عام ثابت ہوچکا ہے لیکن دوسری طرف حکومت اور ادارے راؤ انوار سمیت دیگر قاتلوں کو تحفظ دینے کے منصوبوں پر سرگرم عمل ہے اور اب معمولی ضمانتی رقم پر رہا کردیا گیا ہے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی اس عمل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس ظلم کو کسی بھی طور پر برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ اور ہر مکتبہ فکر کے ساتھ مل کر بھرپور جدوجہد کو لازمی سمجھتی ہے تاوقت تا کہ راؤ انوار جیسے قاتلوں کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جاسکتا ۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ سمیت ملک کے اعلیٰ اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہیے اور قاتلوں وظالموں کو سزا کے انجام تک پہنچانا چاہیے۔